انڈیا میں شدید بارشوں سے 37 ہلاک، دہلی میں الرٹ جاری
Reading Time: < 1 minuteانڈیا کی شمال اور مغربی ریاستوں میں گزشتہ دو دنوں میں موسلادھار بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی وجہ سے اب تک 37 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کو محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دریائے جمنا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔
پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ جانے کی وجہ سے دارالحکومت دہلی اور ہریانہ میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
دہلی کے حکام نے سیلاب کے خطرے کے پیش نظر قریبی علاقوں سے لوگوں کو نکالنا شروع کر دیا ہے۔ ان کو شہر کے مختلف ریلیف کیمپوں اور کمیونٹی سینٹرز منتقل کیا جا رہا ہے۔
ناردرن ریلوے نے کہا ہے کہ آج صبح چھ بجے سے دریائے جمنا کے پرانے پر ریل کی سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے ہماچل پردیش اور اترکھنڈ کے وزررائے اعلیٰ کو مرکزی حکومت کی جانب سے مدد کی یقین دہانی کی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی 39 ٹیمیں مختلف ریاستوں میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال نے کہا ہے کہ گزشتہ 40 برس میں پہلی مرتبہ دہلی میں شدید بارش ریکارڈ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ آخری مرتبہ 1982 میں 24 گھنٹوں کے دوران 169 ملی میٹر کی بارش ہوئی تھی۔