پاکستان

آپ کو اسی مقصد کے لیے لایا گیا ہے: عمران خان کے وکیل کی جج سے بدتمیزی

جولائی 12, 2023

آپ کو اسی مقصد کے لیے لایا گیا ہے: عمران خان کے وکیل کی جج سے بدتمیزی

توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد سیشن کورٹ میں عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت اور جج میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔

بدھ کو‏ جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ ہم آج آپ کی کوئی بات نہیں سن رہے کل دیکھا جائے گا۔

‏ وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ آپ اس طرح نہیں کر سکتے۔

‏جج نے وکیل سے کہا کہ لگتا ہے آپ کو اسی مقصد کے لیے لایا گیا ہے۔

وکیل نے جواب دیا کہ اگر میں کہوں آپ کو بھی اسی کیس کے لیے لایا گیا ہے۔

جج کے ملزم سے متعلق استفسار کرنے پر وکیل نے چیرمین پی ٹی آئی کی استثنی کی درخواست کا بتایا۔

جج ہمایوں دلاور نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ کریمینل وکیل ہیں۔ سات ماہ سے کیس التوا کا شکارہے۔ کبھی ایسا دیکھا سات ماہ سےکیس چل رہاہو اورملزم ایک بارصرف عدالت آیا ہو؟

اسلام آباد کی مقامی عدالت میں توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

عدالت نے حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں دائردرخواست کا فیصلہ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کردی .

بدھ کو ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے دوروزکے لئے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ آٹھ اپریل کے ٹرائل کورٹ فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا آج ہائی کورٹ میں اپیل پرسماعت ہے۔

بعد ازاں عدالت نے حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں دائر درخواست کا فیصلہ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

کیس کی سماعت کل 13 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ
میں توشہ خانہ فوجداری کیس کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت کی کاز لسٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے نہ ہوسکی۔

چیف جسٹس عامر فاروق طبیعت ناسازی کے باعث بدھ کو بھی عدالت نہیں آئے جس وجہ سے توشہ خانہ کیس سمیت دیگر تمام مقدمات کی کاز لسٹ کینسل کر دی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سیشن کورٹ کی جانب سے توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دینے کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے