مودی کا دورہ فرانس، 26 رفائل طیارے اور تین آبدوزیں خریدنے کا معاہدہ
Reading Time: 2 minutesانڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ اُن کی وزارت نے نیوی کے لیے 26 رفائل جنگی طیارے اور تین سکورپین کلاس آبدوزیں خریدنے کی ابتدائی منظوری دے دی ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق نریندر مودی نے مغرب میں اپنے سٹریٹیجک پارٹنر فرانس کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کے لیے جمعرات کو پیرس کے دو روزہ دورے کا آغاز کیا۔
اس دورے میں دفاعی معاہدے اور انڈو پیسیفک میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے نیا مشترکہ پلان ترتیب دینے کی توقع ہے۔
اس ڈیل کے تحت چار ٹرینرز سمیت 26 رفائل طیارے اور تین آبدوزیں خریدی جائیں گی جنہیں انڈین اور فرانسیسی نیوی تیار کرے گی۔
روئٹرز کے ذرائع کے مطابق اس ڈیل کی کل مالیت نو ارب 75 کروڑ ڈالر ہو سکتی ہے، تاہم انڈین حکومت نے کہا ہے کہ قیمت ابھی طے ہونی ہے۔
گذشتہ چند برسوں سے مودی حکومت فوج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کر رہی ہے، جبکہ پاکستان اور چین کی سرحدوں پر تعینات فوج کو ہتھیاروں کی سپلائی کے لیے مقامی پیداوار بڑھانے کا بھی عزم کیے ہوئے ہے۔
رواں برس حکومت نے مالی سال 2024-23 کے لیے دفاعی بجٹ کو 13 فیصد بڑھا کر پانچ کھرب 94 ارب انڈین روپے کیا۔
گذشتہ برس انڈیا کے دیسی ساختہ ایئرکرافٹ کیریئر کے لیے کیے گئے ٹیسٹ میں رفال طیاروں نے امریکی ساختہ سپر ہارنیٹ ایف 18 پر برتری حاصل کی تھی۔
راج ناتھ سنگھ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’دوسرے ممالک کے تیار کردہ اسی طرز کے جہازوں کی قیمتوں اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمت اور خریداری کی دیگر شرائط کے بارے میں فرانسیسی حکومت سے بات کی جائے گی۔‘
انڈیا گذشتہ چار دہائیوں سے فرانسیسی جنگی طیاروں پر انحصار کر رہا ہے۔ 2015 میں رفال طیارے خریدنے سے پہلے 1980 کی دہائی میں انڈیا نے معراج طیارے خریدے تھے جن کے دو سکواڈرن اس کی ایئرفورس کے پاس ابھی تک موجود ہیں۔
2005 میں انڈیا نے فرانس سے دو ارب 29 کروڑ ڈالر کی چھ سکورپین کلاس آبدوزیں خریدی تھیں۔