انڈیا کی دو ریاستوں میں بارش سے سیلاب، 100 سے زائد ہلاک
Reading Time: < 1 minuteانڈیا میں حکام نے کہا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران مون سون کی ریکارڈ بارشوں کی وجہ سے ملک کے شمالی حصے میں 100 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق صرف ریاست اترپردیش میں کم سے کم 88 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے۔
ہماچل پردیش کی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مختلف علاقوں میں شدید سیلاب اپنے ساتھ گاڑیاں، بسیں، پُل اور مکانات بہا کر لے گیا۔
یہ ریاست دارالحکومت نئی دہلی سے 500 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
حکومت کے ایک ترجمان شیشیر سنگھ کے مطابق بدھ سے اترپردیش میں موسلادھار بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 12 افراد ہلاک ہوئے۔
نو افراد ڈوب کر اور دو آسمانی بجلی کے گرنے سے ہلاک ہوئے جبکہ ایک کی موت سیلاب میں سانپ کے کاٹنے سے ہوئی۔
ایک شخص نئی دہلی اور چار انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں ہلاک ہوئے۔
شدید بارشوں اور لینڈ سلائنڈنگ کی وجہ سے تقریباً 170 مکانات تباہ جبکہ 600 کو جزوی نقصان پہنچا۔
حکام نے تقریباً 30 ہزار افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جبکہ نئی دہلی میں کئی مقامات پر پلوں کے نیچے سینکڑوں افراد نے اپنے مویشیوں کے ساتھ پناہ لی۔