مارگلہ ٹریل تھری پر جنسی زیادتی کے کیس میں شواہد نہیں: اسلام آباد پولیس
اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا ہے کہ مارگلہ ٹریل تھری پر جنسی زیادتی کے واقعے کی تفتیش میرٹ پر کی جا رہی ہے۔
سنیچر کو پولیس ترجمان نے بتایا کہ مقدمے کی مدعیہ خاتون کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق زیادتی کے شواہد نہیں پائے گئے۔
پولیس نے بتایا کہ مدعیہ اور ملزم کے درمیان دوستی تھی اور مقدمہ درج کرانے کے بعد خاتون پولیس سے تعاون کرنے سے گریزاں ہے اور ملزم کی تفصیلات مہیا نہیں کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق مارگلہ ٹریلز محفوظ ہیں جن کی ڈرون سے نگرانی اور موثر گشت کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ متاثرہ خاتون کے بیان کی روشنی میں وقوعہ کی جگہ کا تعین کیا جا رہا ہے۔
واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش عمل میں لائی جائے گی۔
جمعے کو اسلام آباد میں مارگلہ ہلز کے ٹریل تھری پر خاتون سے مبینہ زیادتی کا انکشاف ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق خاتون سے مبینہ زیادتی کا واقعہ 13 جولائی کو پیش آیا اور واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق شیخوپورہ کی رہائشی خاتون کو نعمان نامی شخص نے نوکری کا جھانسہ دے کر راولپنڈی بلایا۔
ایف آئی آر میں میں کہا گیا کہ نعمان انٹرویو کے بہانے ٹریل تھری لے گیا جہاں گن پوائنٹ پر ایک شخص نے زیادتی کانشانہ بنایا اور واقعے کا بتانے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
واقعے پر محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ ٹریل تھری پر خاتون سے مبینہ زیادتی کے کیس کی تحقیقات مقامی پولیس کر رہی ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ وائلڈ لائف مقامی پولیس کوتفتیش میں مکمل معاونت فراہم کرتا ہے۔

