بحری جہاز میں آگ، تین ہزار مہنگی کاریں جل کر راکھ ہو گئیں
Reading Time: < 1 minuteنیدر لینڈز کے ساحل کے قریب سے گزرنے والے ایک بحری جہاز کو سمندر میں آگ لگ گئی جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ڈچ کوسٹ گارڈز کی طرف سے سمندر میں جلتے بحری جہاز کی جاری کی گئی تصاویر میں دھویں کے بادل اُٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔
شمالی ڈچ جزیرے ایملینڈ کے ساحل سے کچھ فاصلے پر پاناما میں رجسٹرڈ کار بردار بحری جہاز ’فریمینٹل ہائی وے‘ پر لگی آگ کو بجھانے کی کوششیں ناکام ہو گئیں۔
نیدر لینڈز کے ساحل سے 27 کلومیٹر دور سمندر میں ایک کارگو جہاز پر لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے ڈچ فائر فائٹرز نے دو دن کوششیں کیں۔
شبہ ہے بحری جہاز پر لدی الیکٹرک کاروں نے آگ پکڑ لی تھی۔
ڈچ کوسٹ گارڈ نے کہا کہ ’فریمینٹل ہائی وے‘ نامی بحری جہاز پانامہ میں رجسٹرڈ کمپنی کا تھا جس کو بچانے کی کوشش کی گئی۔
کوسٹ گارڈز کے مطابق یہ ڈچ جزیرے ایملینڈ کے شمال میں تقریباً 14.5 سمندری میل کے فاصلے پر سفر کر رہا ہے جب 26 جولائی کو اس میں آگ بھڑک اُٹھی اور ایک ملاح ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔