عالمی خبریں

امریکی ریاست ہوائی میں جنگل کی آگ سے 67 ہلاک، ہزاروں عمارتیں تباہ

اگست 12, 2023 2 min

امریکی ریاست ہوائی میں جنگل کی آگ سے 67 ہلاک، ہزاروں عمارتیں تباہ

Reading Time: 2 minutes

امریکہ کی ریاست ہوائی کے جزیرے ماؤوی میں لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 67 ہو گئی ہے جبکہ سرچ ٹیمیں خاکستر علاقے میں مزید لاشوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ماؤوی کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے ایک ہزار عمارتیں جل کر راکھ ہو گئی ہیں جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہیں۔

ہوائی سے امریکی سنیٹر برائین شاٹز کا کہنا ہے کہ نذر آتش ہونے والی عمارتوں کے اندر ابھی کوئی بھی داخل نہیں ہوا اور سرچ آپریشن کے بعد یہی خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

جولائی 2023 سرکاری طور پر کرہ ارض کا گرم ترین مہینہ قرار
انہوں نے بتایا کہ لاہینا کا شہر کسی جنگ زدہ علاقے کی تصویر پیش کر رہا ہے جس پھر بم برسایا گیا ہو۔

ماؤوی کاؤنٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگل سے شہر تک پھیلنے والی آگ اب بھی جل رہی ہے لیکن 85 فیصد پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ دیگر دو جنگلات میں لگنے والی آگ پر 80 اور 50 فیصد قابو پایا گیا ہے۔

قدرتی آفت کے تین دن بعد بھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کیا گھروں تک آگ پہنچنے سے پہلے انتظامیہ کی جانب سے رہائشیوں کو خبردار کیا گیا تھا۔

ویسے تو جزیرے پر کسی بھی خطرے یا قدرتی آفت کی صورت میں سائرن بجائے جاتے ہیں لیکن اس مرتبہ ممکنہ طور پر ایسا نہیں کیا گیا۔

ہوائی کے گورنر جوش گرین نے انتباہی سائرن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کا مکمل جائزہ لینے کی ہدایات دے دی گئی ہیں تاکہ حقائق کا مکمل علم ہو سکے۔

ماؤوی کاؤنٹی کے فائر چیف بریڈفورڈ وینچورا نے جمعرات کو پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ آگ پھیلنے کی رفتار اس قدر تیز تھی کہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے اہلکاروں کے لیے تقریباً ناممکن تھا کہ وہ ایمرجنسی کے شعبے کو آگاہ کریں جس نے علاقہ خالی کرانے کے احکامات جاری کرنے تھے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے