انسداد دہشتگری عدالت، علی وزیر اور ایمان مزاری کی ضمانت منظور
اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے ایمان مزاری اور علی وزیر کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
پیر کو پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما علی وزیر اور انسانی حقوق کی کارکن وکیل ایمان مزاری کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونےپر عدالت میں پیش کیا گیا.
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پیر کو ریاستی اداروں کو بدنام کرنے اور عوام کو ان کے خلاف اکسانے جیسے الزامات کے تحت درج مقدمات کی سماعت کی تو استغاثہ کی جانب سے ملزمان کے مزیدجسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
علی وزیر اور ایمان مزاری کو اسلام آباد کے علاقے ترنول میں دس دن قبل پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے جلسے میں شرکت اور تقریر کے بعد اتوار کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ایمان مزاری کے خلاف تھانہ ترنول میں ریاستی اداروں کے خلاف بیان دینے اور لوگوں کو اداروں کے خلاف اکسانے کا مقدمہ درج کیا جبکہ سی ٹی ڈی کی جانب سے انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں الزام عائد کیا گیا کہ ان ملزمان نے منظور پشتین سمیت پی ٹی ایم کی دیگر قیادت کے ساتھ مل کر لوگوں کو بغاوت، خانہ جنگی، سول نافرمانی اور مسلح جدوجہد کی ترغیب دی۔

