توشہ خانہ کیس کی سزا معطل، عمران خان کو رہا کرنے کا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کی درخواست منظور کر لی ہے۔
عدالت نے عمران خان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے عمران کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی پر بیان میں کہا کہ لاڈلے کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ہوئی.
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کا "گُڈ ٹو سی یو” اور "وشنگ یو گڈ لک” کا پیغام اسلاآباد ہائی کورٹ تک پہنچ گیا. فیصلہ آنے سے پہلے ہی سب کو پتہ ہو کہ فیصلہ کیا ہوگا تو یہ نظام عدل کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے.
شہباز شریف نے کہا کہ اعلی عدلیہ سے واضح پیغام مل جائے تو ماتحت عدالت یہ نہ کرے تو اور کیا کرے؟
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی سزا یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ جج لگا تھا، لاڈلے کو بچانے کے لئے خود چیف جسٹس مانیٹرنگ جج بن گئے .
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نظامِ عدل کا یہ کردار تاریخ کے سیاہ باب میں لکھا جائے گا. ایک طرف جھکے ترازو اور انصاف کو مجروح کرتا نظام عدل قابلِ قبول نہیں . خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ کھانے والے کے سامنے قانون بے بس ہے .
شہباز شریف کے مطابق چور اور ریاستی دہشت گرد کی سہولت کاری ہوگی توملک میں عام آدمی کو انصاف کہاں سے ملے گا .9 مئی ہو، جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ ہو، پولیس پر پٹرول بم کی برسات ہو، سب معاف.

