پاکستان

خصوصی عدالت میں سائفر کیس، عمران خان کو جیل میں ہی رکھنے کا حکم

اگست 30, 2023

خصوصی عدالت میں سائفر کیس، عمران خان کو جیل میں ہی رکھنے کا حکم

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مزید 14 دن کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر اٹک جیل میں ہی رکھنے کا حکم دیا ہے۔

بدھ کو چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے بتایا کہ اُن کی جانب سے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے ضمانت منظور کرنے کی استدعا بھی کی گئی۔

وکلا نے کہا کہ عمران خان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا مقدمہ بنتا ہی نہیں، سیاسی انتقام کے طور پر سائفر کیس بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت کے سامنے لایا گیا اور اُن کی حاضری لگائی گئی۔

عدالت نے حاضری لگانے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے 14 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

مقدمے کی کارروائی ڈسٹرٹ جیل اٹک میں چلائی جا رہی ہے اور ان کیمرا ہونے کی وجہ سے صرف وکلا شریک ہو سکتے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے