پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ کا پرویز الٰہی کو رہا، لاہور ہائیکورٹ کا پیش کرنے کا حُکم

ستمبر 5, 2023

اسلام آباد ہائیکورٹ کا پرویز الٰہی کو رہا، لاہور ہائیکورٹ کا پیش کرنے کا حُکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی نقص امن کے خدشے یا تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا حکم معطل کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا کی ہدایت کی ہے۔

منگل کو چوہدری پرویز الہی کے ایم پی او آرڈر کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے احکامات جاری کیے اور آئندہ سماعت تک پرویز الٰہی کو کسی قسم کا بیان دینے سے روک دیا۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب طلب کر لیا ہے۔

جسٹس طارق جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ وکیل درخواست گزار کے مطابق پرویز الٰہی کے خلاف اسلام آباد میں کوئی بھی ایف آئی آر درج نہیں۔

پرویز الٰہی کے وکیل سردار عبدالرازق نے دلائل پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ تین ماہ سے ان کے موکل کو مختلف مقدمات میں گرفتار کیا ہوا ہے جبکہ یکم ستمبر کو لاہور ہائیکورٹ نے رہائی کا حکم دیا تھا اور آئندہ گرفتاری سے روکا تھا لیکن اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔

وکیل نے بتایا کہ جن مقدمات میں پرویز الٰہی کو گرفتار کیا گیا انہی میں عدالت نے ڈسچارج کیا۔

اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے تھری ایم پی او کے تحت نظر بندی کا آرڈر جاری کیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ کا پرویز الٰہی کو پیش کرنے کا حکم
دوسری جانب منگل کو ہی لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس مرزا وقاص رؤف نے پرویز الٰہی کو حبس بے جا رکھنے کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام اباد کو ہدایت دی کہ وہ پرویز الٰہی کو آئندہ روز بدھ کو پیش کریں۔

جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کہا کہ وہ کوئی نیا آڈر نہیں دے رہے بلکہ جو آڈر عدالت کا ہے پہلے اس پر عمل درآمد ضروری ہے۔

سابق وزیر اعلٰی پرویز الٰہی کو پیش کرنے کا حکم دے کرسماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے