پرویز الٰہی آٹھ منٹ کی رہائی کے بعد الگ مقدمے میں گرفتار
اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر رہا کیے جانے والے پنجاب کے سابق وزیراعلٰی پرویز الہٰی کو پولیس نے 8 منٹ بعد ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الہی کو رہائی کے فوری بعد پرانے مقدمے میں انسداد دہشت گردی محکمے نے تحویل میں لیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے منگل کو ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ پرویز الہٰی کو تھانہ سی ٹی ڈی نے مقدمہ نمبر 3/23 میں گرفتار کیا۔
اسلام آباد پولیس نے چھ بج کر 22 منٹ پر بیان جاری کیا تھا کہ ’پرویز الہی کو عدالت کے حکم پر روانہ کر دیا گیا۔‘
اس کے 8 منٹ بعد 6 بج کر 30 منٹ پر ایک الگ بیان میں اطلاع دی گئی کہ ’پرویز الہٰی کو تھانہ سی ٹی ڈی نے مقدمہ نمبر 3/23 میں گرفتار کر لیا۔‘
اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے چوہدری پرویز الٰہی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا حکم معطل کرتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
منگل کو چوہدری پرویز الہی کے ایم پی او آرڈر کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ان کی رہائی کے احکامات دیے۔

