جب ہنگو میں پولیس اہلکار نے 40 نمازیوں کی جان بچائی
Reading Time: 2 minutesضلع ہنگو کی پولیس نے مسجد میں خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کی ہے جس کے مطابق بروقت کارروائی سے نقصان کم ہوا۔
پولیس نے شواہد اکھٹا کرکے ابتدائی رپورٹ کہا کہ ایک حملہ آور کو تھانے کے گیٹ پر ہی ہلاک کر دیا گیا تھا۔
ویڈیو میں ایک حملہ آور کو خودکش جیکٹ سمیت کار کے پاس مردہ حالت میں دکھایا گیا ہے جو مسجد کے باہر ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار کی گولی کا نشانہ بنا۔
پولیس اہلکار کے الرٹ ہونے کی وجہ سے نقصان کم ہوا کیونکہ دو خودکش حملہ آور مسجد میں داخل ہونے کے لیے نمازِ جمعہ کے وقت پہنچے تھے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق پولیس کے بروقت رسپانس سے ایک خودکش حملہ آور کو مسجد میں داخل ہونے سے پہلے گاڑی کے باہر ہی ہلاک کر دیا گیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران زیادہ تر نمازی مسجد سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
نمازیوں کے بروقت مسجد سے نکلنے کی وجہ سے فائرنگ کے دوران دوسرا خودکش حملہ آور جب مسجد میں داخل ہوا تو وہاں بہت کم لوگ تھے جب اُس نے خودکش دھماکہ کیا اور چھت گر گئی۔
پشاور میں خفیہ محکمے اس کا سراغ لگا رہے ہیں کہ حملہ آور کہاں سے اور کیسے آئے۔
ادھر بلوچستان کے ضلع مستونگ اور خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں کیے گئے خودکش حملوں کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب امریکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت سمیت کئی ممالک نے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
مستونگ خودکش حملے کا مقدمہ کوئٹہ کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پولیس سٹیشن میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور ابھی کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔
ہنگو کے دوآبہ پولیس سٹیشن کی مسجد پر حملے کا مقدمہ کوہاٹ ریجن کے سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کے جسم کے نمونے شناخت کے لیے فرانزک لیب بھیجے گئے ہیں۔
امریکہ، سعودی عرب اور کویت نے پاکستان میں کیے گئے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ نے متاثرہ پاکستانی خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’تمام شہری بلاخوف و خطر اپنے عقیدوں پر عمل کے مستحق ہیں۔ اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘