پاکستان

نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال، ضمانت منظور

اکتوبر 26, 2023

نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال، ضمانت منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال کر دی ہیں.اور ان کو ضمانت بھی دے دی ہے.

جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے درخواستوں پر سماعت مکمل کرکے فیصلہ سنایا۔

دورانِ سماعت پراسیکیوٹر جنرل نیب نے موقف اپنایا کہ ’اگر اپیل دائر ہو جائے تو اس کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے، عدم پیروی پر بھی خارج نہیں ہو سکتی۔ اگر ان اپیلوں کو بحال کریں گے تو پھر انہیں میرٹس پر دلائل سن کر فیصلہ کرنا ہو گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’عدالت نے کہا تھا کہ جب اشتہاری سرینڈر کرے اس کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی ہو۔ ہمیں نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ اگر اشتہاری نے عدالت کے سامنے سرینڈر کر دیا ہے تو ان کی اپیل بحال ہونی چاہیے۔‘

پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ ’اگر اپیلیں بحال ہوں گی تو ہم اس پر دلائل دیں گے۔‘ جس پر جسٹس میاں گل حسن نے استفسار کیا کہ کیا’ آپ فیصلے کے حق میں دلائل دیں گے؟‘
نواز شریف کی گرفتاری نہیں چاہیے:پراسیکیوٹر جنرل

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ’ابھی ہمارے سامنے اپیل نہیں، صرف بحالی کی درخواستیں ہیں۔‘ انہوں نے پراسیکیوٹر جنرل نیب سے استفسار کیا کہ ’کیا آپ اپیل کنندہ کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں؟‘
جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’پہلے ہی بتا چکا ہوں کہ ہمیں گرفتاری نہیں چاہیے۔‘

سماعت کے بعد عدالت نے درخواستوں پر فیصلہ کچھ دیر کے لیے محفوظ کر لیا جسے بعدازاں سناتے ہوئے نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال کر دیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے