پاکستان

اسلام آباد ڈکیتی، کانسٹیبل اور بیٹے کو قتل کرنے والے تین ملزمان گرفتار

دسمبر 22, 2023

اسلام آباد ڈکیتی، کانسٹیبل اور بیٹے کو قتل کرنے والے تین ملزمان گرفتار

اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ دنوں جی الیون میں ہیڈ کانسٹیبل اشرف اور ان کے بیٹے کو قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

جمعے کو ایک بیان اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا کہ 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کو لکی مروت اور بنوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں 17 دسمبر کو سٹریٹ کرائم کی ایک واردات کے دوران ڈاکؤوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اور اُس کا بیٹا قتل کر دیے گئے تھے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو کے مطابق پولیس اہلکار کے بیوی بچے چیخیں مار کے ڈاکوؤں کے سامنے ہاتھ جوڑ جوڑ ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف کی جان کی امان مانگتے رہے۔

ملزمان نے باپ بیٹے کو گولیاں مار کر قتل کیا۔

اسلام آباد پولیس کے جاری کیے گئے بیان کے مطابق تھانہ رمنا کے علاقہ میں ڈاکووں کی فائرنگ سے ہیڈ کنسٹیبل محمد اشرف اور ان کا بیٹا شہید ہو گئے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ شہید ہیڈ کنسٹیبل نے راہزنوں کو واردات کرتے دیکھا تو اُن کو پکڑنے کی کوشش کی۔
اس دوران ملزمان نے فائرنگ کر دی۔

پولیس کے مطابق ان کا بیٹا مدد کو آیا تو وہ بھی راہزنوں کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔

پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔

ملزمان کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچ آپریشن کیا گیا.

آئی جی ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے وقوعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیےتھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے