پاکستان

ہر قسم کے مافیا کی سرکوبی کریں گے: آرمی چیف

دسمبر 29, 2023

ہر قسم کے مافیا کی سرکوبی کریں گے: آرمی چیف

پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہر قسم کے مافیا کا قوم کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں گے۔

جمعے کو نیشنل فارمرز کنونشن سے خطاب میں اُن کا کہنا تھا کہ زراعت اور مویشی بانی تقریباً ہر نبی کا پیشہ رہا ہے، کیونکہ اس پیشے میں ڈسپلن، تکلیف، نمو، اور صبر شامل ہیں، جن کے نتیجے میں بے تحاشہ انعامات ملتے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں افواہیں اور منفی باتیں بتائی جا رہی ہیں، لیکن آپ کو پتہ ہونا چاہئے کہ کلمۂ کے نام پر دو ہی ریاستیں قائم ہوئیں، ریاست طیبہ اور ریاست پاکستان، یہ محظ اتفاق نہیں ہے۔

آرمی چیف کے مطابق پاکستان وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان کے پاس گلیشیر، دریا، پہاڑ، اور زرخیز زمین ہے جس سے دنیا کا بہترین چاول، کینو اور آم جیسے پھل، گرینائٹ، سونا اور تانبا جیسے خزانے موجود ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ساٹھ کی دہائی میں پاکستان ایشیا کا تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا، لیکن ہم نے قائداعظم کے تین زریں اصولوں – ایمان، اتحاد، تنظیم کو بھلا دیا، جس کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہُوئے۔

آرمی چیف نے کہا کہ گرین پاکستان انیشیٹیو کا مقصد یہی ہے کہ ہمیں سب سے پہلے زراعت پر کام کرنا ہے۔

آرمی چیف کے مطابق گرین پاکستان انیشیٹیو کی آمدن کا بڑا حصہ صوبوں کو جاۓ گا،جبکہ باقی حصہ کسانوں اور زرعی ریسرچ کے لئے رکھا جائے گا، فوج کا اِس میں رول صرف عوام اور کسانوں کی خدمت ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ تمام اضلاع میں زرعی مالز کا انعقاد کیا جائے گا جہاں کسانوں کو ہر طرح کی زرعی سہولیات میسر ہوں گی۔

آرمی چیف نے کہا کہ آسان زرعی قرضوں، کولڈ سٹوریج کی چین، موسمیاتی تبدیلی کے تاثرات سے محفوظ بیج اور جینیٹیکلی انجنئیر ڈ لائیو سٹاک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہر قسم کے مافیا کی قوم کے ساتھ مل کر سرکوبی کریں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہیجان ، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کر کے جھوٹی خبروں کے ذریعے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ جیسے ریاست اپنا وجود کھوتی جا رہی ہے۔

جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کے خطاب کے دوران کسان بار بار نعرہ تکبیر اور پاکستان زندآباد کے نعرے لگاتے رہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کسان کنونشن کے دوران کسانوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے