فوج کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کو سخت سزا، سینیٹ میں قرارداد منظور
پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ نے ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف منفی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگینڈا کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے۔
پیر کو سینیٹ نے سینیٹر بہرمند خان تنگی کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کی۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرمند خان تنگی کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کے خلاف منفی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا کرنے والا سخت سزا کا مستحق ہے۔
قرارداد کے مطابق پارلیمنٹ کا ایوان بالا فوج اور سکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے دی گئی قربانیوں کا ادراک کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ دشمن ہمسائیوں کے ہوتے ہوئے مضبوط فوج اور سکیورٹی ایجنسی ناگزیر ہے۔
قرارداد کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پاک فوج کے خلاف بدنینتی پر مبنی پروپیگینڈا کیا جا رہا ہے۔
سینیٹ اس قرارداد کے ذریعے حکومت کو کہتی ہے کہ اس میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کے اقدامات کرے۔

