ووٹ بینک کی وجہ سے اسٹیبلشمنٹ ہماری پارٹی توڑنے میں ناکام: عمران خان
Reading Time: 2 minutesپی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا ہے کہ توشہ خانہ میں تمام تحائف کا تخمینہ دبئی میں انڈین شہری کی چھوٹی سی دکان سے لگوایا گیا اور سارا کیس اسی گواہ پر تھا جس پر آج جرح کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی جیولری کو 300 کروڑ روپے تک پہنچا دیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ ’تحائف کی قیمت میں اضافہ صاحب کو خوش کرنے کے لیے کیا گیا اوپر بیٹھے کرنل صاحب سن رہے ہوں گے۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’مجھے نااہل کیا گیا جبکہ عدالت کا فیصلہ معطل ہو چکا ہے سزائے یافتہ نواز شریف کو کلیئر کر دیا۔ میری نااہلی کے خلاف اپیل اور انسانی حقوق کے لیے دائر پٹیشن کو نہیں سنا جا رہا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں الیکشن مہم چلانے کی اجازت تک نہیں دی جا رہی۔ یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں ہمارے امیدواروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ فیصلہ کے باوجود 4روز سے تحریری ارڈر جاری نہیں کر رہا.
عمران خان نے کہا کہ جس طرح کا الیکشن کروایا جا رہا ہے اس سے ملک میں سیاسی عدم استحکام بڑھے گا ملک کا بیڑا غرق ہو جائے گا۔ ‘ایک مفرور کو ہم پر مسلط کیا جا رہا ہے ملک میں قانون کی حکمرانی ختم ہو چکی لیکن ہم اخری گیند تک لڑیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پانچ اگست کے بعد نریندر مودی سے کبھی رابطہ نہیں کیا۔ ابھی نندن کے معاملہ پر بھی مودی سے رابطہ کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی یہ سب جھوٹ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جو پی ٹی ائی چھوڑے گا وہ اپنا سیاسی مستقبل ختم کر لے گا۔ پی ٹی ائی کے پاس ووٹ بینک ہے اسی لیے اسٹیبلشمنٹ سے یہ پارٹی نہیں ٹوٹ رہی، الیکشن ختم ہوتے ہی لوگ پی ٹی ائی کی طرف ائیں گے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ‘میں سیاست دان ہوں سیاست کروں گا بندوق ہاتھ میں نہیں پکڑوں گا، عزت ذلت زندگی موت رزق اقتدار سب اللہ دیتا ہے۔‘
الیکشن کمیشن کا میچ پہلے سے فکس تھا اسی لیے ہمارے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے کو التوا دیا جاتا رہا۔ الیکشن کمیشن انٹرا پارٹی انتخابات پر سوال نہیں اٹھا سکتا.
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نئے انٹرا پارٹی انتخابات ہوں گے یا نہیں اس بارے ابھی کوئی پتہ نہیں۔ صدر مملکت نے معاملات سلجھانے کی بہت کوشش کی۔سنا ہے نواز شریف نے لیہ کا جلسہ کینسل کر دیا ان کے جلسے نہیں جلسیاں ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں کہتا ہوں الیکشن سے تین دن قبل مجھے چھوڑ دیں اور صرف ایک جلسہ کرنے کی اجازت دے دیں ان کو لگ پتہ جائے گا۔