زرداری مفاہمت نہیں مفادات کا بادشاہ ہے: مولانا فضل الرحمان
Reading Time: 2 minutesپاکستان کی مذہبی سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری کو مفادات کا بادشاہ قرار دیا ہے۔
نجی نیوز چینل 24 کی اینکر نسیم زہرہ کو ایک انٹرویو میں مولانا فضل الرحمان نے سوال کے جواب میں ہنستے ہوئے کہا کہ آصف زرداری مفاہمت نہیں مفادات کا بادشاہ ہے، وہ جہاں سے بھی ملیں، نواز شریف سے ملیں یا کسی اور سے ملیں۔
جے یو آئی کے سربراہ نے جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے حوالے سے اپنے گزشتہ روز کے بیان کی بھی وضاحت کی۔
انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ کے ساتھ جنرل فیض نہیں اُن کے بعد والے ڈی جی آئی ایس آئی نے عمران خان کی حکومت کو عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ہٹانے میں کردار ادا کیا۔
قبل ازیں جمعرات کی شب اینکر ندیم ملک کے بوٹ پالش کے حوالے سے سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہاتھا کہ اس حمام میں سب ننگے ہیں۔ یہ سلسلے چلتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ بات بنیادی طور پر یہ ہے کہ ملاقاتوں سے انکار کسی کو نہیں کرنا چاہیے، یہ انڈیا کے جرنیل نہیں، ہمارے ملک اور محلے کے ہیں۔ شہر کے ہیں۔ ہمارے ہی ماحول سے نکل کر کوئی آرمی چیف بن جاتا ہے۔ سودا گیری کے لیے نہیں کرنا چاہیے، کسی سیاست دان کو تو اُن سے ڈٹ کر بات کرنا چاہیے، ان سے کہنا چاہیے کہ آپ غلط بات کر رہے ہیں۔ الحمد اللہ ہم نے جرنیلوں سے یہ باتیں کی ہیں، باجوہ صاحب سے بھی پوچھ سکتے ہیں، جنرل فیض حمید سے بھی پوچھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم سے جنرل باجوہ اور جنرل فیض نے عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے لیے کہا اور پھر یہ سب ہوا۔