آصف زرداری صدر منتخب، اچکزئی کو کتنے ووٹ ملے؟
Reading Time: 2 minutesپاکستان کے صدارتی الیکشن میں حکمران اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے جیت گئے۔
صدارتی انتخاب میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق حکمران اتحاد کے امیدوار آصف زرداری بھاری اکثریت سے کامیاب قرار دیے گئے ہیں۔ انہوں نے قومی اسمبلی اور سینیٹ پر مشتمل پارلیمان سے 255 اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے 119 ووٹ حاصل کیے۔
حکمران اتحاد کے آصف علی زرداری نے الیکٹورل کالج کے پنجاب اسمبلی میں 246ووٹ حاصل کیے، جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی 100ووٹ حاصل کر سکے۔
صدارتی الیکشن کے دوران کل 6 ووٹ مسترد ہوئے۔ پنجاب اسمبلی میں پریزائیڈنگ آفیسر نثار درانی نے صدارتی الیکشن کے نتائج کا اعلان کیا۔
پنجاب اسمبلی میں کل 353 میں سے 352 نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ تحریک لبیک نے پنجاب اسمبلی میں صدارتی الیکشن میں ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا،
پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کی جانب سے جیت کی خوشی میں نعرے بازی کی گئی۔
صدارتی انتخابات امیدوار آصف علی زرداری نے سندھ اسمبلی سے 151 ووٹ حاصل کیے۔
سنی اتحاد کونسل کے نامزد صدراتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے 09 ووٹ حاصل کئے۔
دو ووٹ عدالتی حکم کے باعث شمار نہیں کیے گئے۔
بلوچستان اسمبلی میں آصف زرداری کے حق میں 47 ووٹ پڑے، جبکہ محمود خان اچکزئی کو کوئی ووٹ نہیں ملا۔
اس موقعے پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’حمایت کرنے والی تمام جماعتوں اور اراکین کے شکر گزار ہیں۔ آصف زرداری کو بلوچستان سے تاریخی کامیابی ملی ہے۔‘
بلوچستان اسمبلی کے 65 میں 62 ووٹ قابل استعمال تھے۔ 65 میں سے 47 اراکین نے اپنا ووٹ استعمال کیا، جبکہ 15 اراکین نے ووٹ نہیں دیا۔
بلوچستان نیشل پارٹی عوامی کے سربراہ میر اسد بلوچ نے صدارتی انتخاب سے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔