خاموشی ہی بہترین عبادت ہے: شیخ رشید عدالت میں
Reading Time: < 1 minuteراولپنڈی کی انسداد دہشتگری عدالت نے 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کی ہے۔
بدھ کو سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور اُن کے بھتیجے راشد شفیق انسدادہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کو حاضری لگا کر کمرہ عدالت سے جانے کی اجازت دے دی جس کے بعد عدالت کے باہر اُن سے صحافیوں نے سوال کیے۔
شیخ رشید احمد نے انسداد ہشتگردی کی عدالت میں پیشی کے بعد اپنی عادت اور مزاج کے برعکس مختصر ترین گفتگو کی۔
صحافی نے سوال کیا کہ آپ کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی ہے؟
انہوں نے جواب دیا کہ ہاں! مجھے حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے
ایک رپورٹر نے مشورہ دیا کہ آپ اتنی خاموشی تو نہ رکھیں کم سے کم اپنے دیکھنے والوں کو رمضان مبارک ہی کہہ دیں۔
شیخ رشید مسکرائے اور کہا کہ سارے عالم اسلام کو میری طرف سے ماہ رمضان مبارک ہو۔
شیخ رشید نے اپنے مختصر جواب کے ساتھ یہ جملہ بھی بولا کہ ہاں ! خاموشی ہی بہترین عبادت ہے۔
اس کے بعد سابق وزیر داخلہ گاڑی میں بیٹھ کر عدالت سے روانہ ہو گئے۔