پاکستان

سیشن جج نے سابق چیف جسٹس کا عمران خان کے خلاف مقدمہ کیوں خارج کیا؟

مارچ 16, 2024 < 1 min

سیشن جج نے سابق چیف جسٹس کا عمران خان کے خلاف مقدمہ کیوں خارج کیا؟

Reading Time: < 1 minute

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کا تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف ہتک عزت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اُن کے دعوے کو خارج کر دیا ہے۔

سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے دس برس قبل عمران خان پر 20 ارب روپے ہرجانے کا دعوی دائر کیا تھا۔
سنیچر کو اسلام آباد کی سیشن جج حسینہ ثقلین نے چھ صفحات پر مشتمل تفصیلی جاری کیا۔

سابق چیف جسٹس نے عدلیہ کے خلاف الزامات کی بنیاد پر تحریک انصاف کے اُس وقت کے چیئرمین عمران خان پر اسلام آباد کی مقامی عدالت میں دعویٰ دائر کیا تھا۔

یہ دعویٰ اُس وقت دائر کیا گیا جب عمران خان نے افتخار محمد چودھری کے ہتک عزت کے نوٹس پر جواب نہ دیا۔

سیشن جج نے فیصلے میں لکھا ہے کہ سابق چیف جسٹس کے دعوے میں کہا گیا کہ عمران خان نے عدلیہ پر الزامات 27 جون 2014 کو لگائے جبکہ عدالت میں یہ درخواست اگلے سال 20 جنوری کو دائر کی گئی۔

فیصلے کے مطابق ہتک عزت کا دعویٰ قانون کے مطابق چھ ماہ کے اندر دائر کیا جا سکتا ہے مگر اس کیس میں چھ ماہ اور 24 بعد درخواست دی گئی۔

سیشن جج نے قرار دیا ہے کہ توہین آمیز یا ہتک عزت کے بیان کے چھ ماہ کے اندر دعویٰ دائر نہ کرنے پر قانون کے مطابق اب کارروائی ممکن نہیں اس لیے یہ مقدمہ خارج کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ سنہ 2013 کے عام انتخابات کے بعد عمران خان نے مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاجی مہم چلائی تھی اور عدلیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے