اہم خبریں

فیک نیوز کی ٹویٹ، راولپنڈی میں صحافی اسرار راجپوت گرفتار

مارچ 24, 2024

فیک نیوز کی ٹویٹ، راولپنڈی میں صحافی اسرار راجپوت گرفتار

راولپنڈی پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر حساس مذہبی نوعیت کی جھوٹی افواہ پھیلانے پر صحافی اسرار احمد راجپوت کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا۔

اتوار کی رات گرفتاری کے بعد بیان میں کہا گیا کہ پیرودھائی پولیس نے میرٹ پر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق اسرار راجپوت نے گزشتہ شب ٹوئٹر پر جھوٹی خبر دی کہ تھانہ پیرودھائی کے علاقہ سادات کالونی میں امام بارگاہ پر مشتعل افراد نے حملہ کیا ہے جبکہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔

پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ حساس نوعیت کے معاملہ پر بے بنیاد خبر سے نہ صرف علاقہ میں سخت خوف و ہراس پھیلا بلکہ مذہبی طبقات کے جذبات بھی مجروح ہوئے۔

تھانہ پیرودھائی پولیس کو اہل علاقہ کی جانب سے مذکورہ ملزم کے خلاف مزید درخواستیں موصول ہوئیں اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

راولپنڈی پولیس نے بیان میں کہا کہ صحافی برادری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، تاہم ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو بھی دیکھنا ضروری ہے۔

پولیس کے مطابق آزادی اظہار رائے کسی کو فساد اور شرانگیزی کے لیے جھوٹی افواہیں پھیلانے کی اجازت نہیں دیتی، اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے راولپنڈی پولیس ہمہ وقت سرگرم عمل ہے۔

واضح رہے کہ اسرار احمد راجپوت نے غیرمصدقہ خبر والی ٹویٹ ڈیلیٹ کر کے معافی بھی مانگی تھی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے