عالمی خبریں

ایران کا اسرائیل پر 100 ڈرونز اور میزائلوں سے حملہ

اپریل 14, 2024 2 min

ایران کا اسرائیل پر 100 ڈرونز اور میزائلوں سے حملہ

Reading Time: 2 minutes

ایران نے اسرائیلی سرزمین پر اپنے پہلے براہ راست حملے میں سنیچر کو رات دیر گئے دھماکہ خیز ڈرونز اور میزائل فائر کیے ہیں جس کی وجہ سے ایک بڑی کشیدگی کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ امریکہ نے اسرائیل کی حمایت کے لیے ’آہنی عزم‘ کا اعادہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں اے پی اور روئٹرز کے مطابق اسرائیل میں سائرن کی آوازیں سنی گئیں اور صحافیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے زوردار دھماکوں کی آوازیں سنیں جنہیں مقامی میڈیا نے ڈرونز کو راستے میں روکے جانے کی کارروائی قرار دیا۔

اسرائیل میں ایمبولینس سروس نے کہا کہ فوری طور پر ہلاکتوں کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کچھ ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔

اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ ایران سے 100 سے زیادہ ڈرون لانچ کیے گئے جبکہ عراق اور اردن میں سکیورٹی ذرائع نے بتایا درجنوں ڈرونز اوپر سے پرواز کرتے دیکھے گئے اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے کچھ ڈرونز کو مار گرایا ہے۔

اسرائیل کے چینل 12 ٹی وی نے ایک اسرائیلی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ایک سورس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی فوج نے بیلسٹک میزائل بھی فائر کیے ہیں۔ اسرائیل کی فوج نے بھی کہا ہے کہ میزائل داغے گئے ہیں تاہم اسرائیل میں ان حملوں کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں۔

ایران نے یکم اپریل کو دمشق میں قونصل خانے پر اسرائیلی حملے کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کیا تھا جس میں دو سینیئر کمانڈروں سمیت سات اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ ایران نے کہا ہے کہ اس کا حملہ ’اسرائیلی جرائم‘ کی سزا ہے۔

اسرائیل نے قونصل خانے پر حملے کی ذمہ داری کی نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید کی ہے۔

اسرائیلی ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ’وہ مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے 12 بجے تک ملک کی فضائی حدود کو تمام پروازوں کے لیے بند کر رہے ہیں۔‘

اسرائیل نے کہا کہ ’ایران نے بغیر پائلٹ کا ایک سیلو لانچ کیا اور دفاعی نظام اسے مار گرانے یا سائرن بجانے کے لیے تیار ہے۔ کسی بھی خطرے سے دوچار علاقوں کے رہائشیوں کو پناہ لینے کا حکم دیا گیا۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے