پاکستان

ٹرین میں پولیس اہلکار کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی لاش برآمد

اپریل 15, 2024 2 min

ٹرین میں پولیس اہلکار کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی لاش برآمد

Reading Time: 2 minutes

مسافر ٹرین میں پولیس اہلکار کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون انتقال کر گئی ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق خاتون کے بھائی نے اس کی تصدیق کی ہے۔

چنی گوٹھ ریلوے سٹیشن کے قریب سے ملت ایکسپریس میں ریلوے پولیس اہلکار کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی لاش ملی ہے۔

پولیس کے مطابق 7 اپریل کی رات ریلوے پولیس اہلکار تشدد کے بعد خاتون کو اپنے ساتھ لے گیا تھا، خاتون کا تعلق جڑانوالہ سے تھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق خاتون نے چلتی ٹرین سے کود کر خودکشی کی.

خاتون کے بھائی افضل کا کہنا تھا کہ اس کی بہن کراچی میں بیوٹی پارلر پر ملازمت کرتی تھی اور عید منانے کے لیے کراچی سے جڑانوالہ آ رہی تھی۔

قبل ازیں بچوں سے ساتھ ٹرین میں سوار خاتون پر تشدد کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

محکمہ ریلوے کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ 7 اپریل کو ملت ایکسپریس میں پیش آیا، جس میں کانسٹیبل میر حسن نے خاتون اور بچوں پر تشدد کیا۔

اعلامیے کے مطابق آئی جی ریلویز پولیس نے معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے اہلکار کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی جس پر ڈی آئی جی ساؤتھ عبداللہ شیخ نے کانسٹیبل میر حسن کو فوری گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ ایسے اہلکار کسی بھی قسم کی رعائت کے مستحق نہیں، ایسا بد اخلاق عمل کسی بھی طرح قابلِ قبول نہیں۔ کانسٹیبل کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمے کا اندراج بھی کرلیا گیا.

انہوں نے بتایا کہ اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی کے علاوہ سخت محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی، اس کے علاوہ معاملے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات بھی کی جائیں گی جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے ریلوے پولیس کے اہلکاروں کو سخت ہدایات بھی جاری کردی گئیں ہیں۔

دوسری جانب مسافروں کا کہنا ہے کہ ریلوے پولیس کے اہلکاروں کے آئے دن تشدد کے واقعات بڑھنے لگے ہیں اور اب ایسے واقعات معمول بن چکے ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے