انڈین اداکارہ ملائکہ اروڑا کے والد نے بلڈنگ سے کود کر خودکشی کر لی
Reading Time: < 1 minuteانڈین میڈیا کے مطابق بالی وڈ کی اداکارہ ملائکہ اروڑا کے والد نے خودکشی کر لی ہے۔
واقعہ بدھ کی صبح 9 بجے پیش آیا جب ملائکہ کے والد انیل اروڑا نے ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اپنے اپارٹمنٹ سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی۔
اداکارہ کے سابق شوہر ارباز خان اور پولیس افسران ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
ملائکہ اروڑا ریاست مہاراشٹر کے شہر تھانے میں پیدا ہوئی تھیں اور 11 سال کی عمر میں ان کے والدین کے درمیان طلاق ہو گئی تھی جس کے بعد وہ اپنی ماں اور بہن امریتا اروڑہ کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔
ملائکہ کی والدہ، جوائس پولی کارپ، ایک ملیالی مسیحی ہیں اور ان کے والد انیل اروڑا ایک پنجابی تھے، جو انڈین مرچنٹ نیوی میں کام کرتے تھے۔
حال ہی میں ایک فیشن میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے ملائکہ نے بتایا تھا کہ وہ صرف 11 سال کی تھیں جب ان کے والدین کی طلاق ہوگئی۔
انہوں نے کہا ’اگرچہ میرا بچپن بہترین تھا لیکن یہ سب میرے لیے آسان نہیں تھا۔ میرے والدین کی علیحدگی کے بعد میں نے اپنی والدہ کو ایک نئے نظریے سے پہچانا۔‘