پاکستان

پاکستانی فوج کے کمانڈر انچیف کورونا سے صحت یاب، انڈیا کے جارحانہ رویے پر تشویش

مئی 1, 2025

پاکستانی فوج کے کمانڈر انچیف کورونا سے صحت یاب، انڈیا کے جارحانہ رویے پر تشویش

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد ایوان صدر میں معمول کا دفتری کام شروع کر دیا ہے۔

جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملاقات کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔

ایوان صدر کے مطابق ملاقات میں پہلگام حملے کے بعد انڈیا کے ساتھ کشیدگی کے پیشِ نظر موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے انڈیا کے جارحانہ رویے اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے بعد اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انڈیا کے رویے سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے۔ اور پاکستان اپنی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔ پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افواج ِپاکستان کسی بھی خطرے یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ملاقات میں بھارت کے جارحانہ رویے ، کسی بھی ممکنہ جارحیت پر پاکستان کے ردعمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اہم قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

وزیر اعظم نے کوویڈ 19 سے صحت یاب ہونے کے بعد صدر مملکت کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے