مطالبات پورے نہ ہوئے تو 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک:عمران خان
Reading Time: 2 minutesسابق وزیراعظم عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ ’اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کی جائے گی۔‘
جمعرات کو تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’میں دو نکات پر پانچ رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے رہا ہوں۔ انڈر ٹرائل سیاسی قیدیوں رہائی اور 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کا قیام۔‘
بیان کے مطابق ’ہماری مذاکراتی کمیٹی عمر ایوب خان ، علی امین گنڈاپور، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجہ اور اسد قیصر پر مشتمل ہو گی اور سٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کرے گی۔‘
پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’اگر ان دو مطالبات کو نہ مانا گیا تو 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کی جائے گی۔ اس تحریک کے نتائج کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔‘
عمران خان کے اکاؤنٹ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’سول نافرمانی کے نتیجہ میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کریں گے کہ وہ ترسیلاتِ زر کو محدود کریں اور بائیکاٹ مہم چلائیں۔ اس تحریک کے دوسرے مرحلے میں اس سے آگے بھی جائیں گے۔‘
ایکس سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ملک میں ڈکٹیٹر شپ قائم ہو چکی ہے۔ ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں نہتے سیاسی کارکنان پہ گولیاں برسائی گئیں اور پُر امن سیاسی کارکنان کو شہید کیا گیا ہے۔ ہمارے سینکڑوں کارکنان لا پتہ ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’سپریم کورٹ کو اب اس کا نوٹس لے کر اپنا آئینی کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہم پہلے بھی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سپریم کورٹ، لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا لیکن عدالتوں کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا اور ملک اس نہج ہر پہنچ گیا۔‘
سابق وزیراعظم کے اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ ’ہم تیرہ دسمبر کو پشاور میں شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے عظیم الشان اجتماع منعقد کریں گے- اس اجتماع میں اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گذشتہ روز جمعرات کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں اُن پر فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔