اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا غزہ میں ’غیر مشروط‘ جنگ بندی کا مطالبہ
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بھاری اکثریت سے ایک قرارداد منظور کی ہےجس میں غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا، امریکہ اور اسرائیل نے قرارداد کو مسترد کر دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بدھ کو جنرل اسمبلی کی اس قرارداد کی حمایت میں 158 جبکہ مخالفت میں 9 ووٹ ڈالے گئے اور 13 ممالک نے ووٹنگ میں حصّہ نہیں لیا۔
قرارداد میں ’فوری، غیرمشروط اور مستقل جنگ بندی‘ اور ’تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیرمشروط رہائی‘ پر زور دیا گیا ہے۔
اس قرارداد کا متن گذشتہ ماہ سلامتی کونسل میں واشنگٹن کی جانب سے ویٹو کیے گئے متن سے ملتا جلتا ہے۔
اُس وقت، امریکہ نے اپنے اتحادی اسرائیل کو بچانے کے لیے اپنی ویٹو پاور کا استعمال کیا تھا جو کہ وہ پہلے بھی کر چکا ہے۔
اقوامِ متحدہ میں امریکہ کے نائب سفیر رابرٹ ووڈ نے بدھ کو امریکی مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ متن کو قبول کرنا ’شرمناک اور غلط‘ ہوگا۔
ووٹنگ سے قبل اسرائیل کے اقوام متحدہ کے سفیر ڈینی ڈینن نے کہا کہ ’آج اسمبلی کے سامنے پیش کی گئی قراردادیں منطق سے بالاتر ہیں۔ آج کا ووٹ ہمدردی کا ووٹ نہیں ہے۔ یہ شراکت داری کے لیے ووٹ ہے۔‘
قرارداد میں غزہ خاص طور پر محصور شمال کے شہریوں کے لیے وسیع پیمانے پر انسانی امداد تک ’فوری رسائی‘ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

