مضبوط اعصاب پھر حاوی، آسٹریلیا نے 356 رنز بنا کر انگلینڈ کو شکست دے دی
Reading Time: < 1 minuteلاہور کے کرکٹ شائقین نے ہائی سکورنگ میچ سے لطف اٹھایا جہاں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے چوتھے اور گروپ بی کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
سنیچر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آسٹریلیا نے 352 رنز کا بھاری بھرکم ہدف 48 ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر لیا۔
جوش انگلس نے ناقابل شکست 120 رنز بنائے اور گلِن میکسویل 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جو صحیح ثابت نہ ہوا اور انگلینڈ نے بین ڈکٹ کے 165 رنز کی بدولت 50 اوورز میں 351 رنز کا بڑا سکور بنا لیا۔
کینگروز کی جانب سے بین ڈوارشیوز نے تین اور ایڈم زمپا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ میں مجموعی طور پر707 رنز بنے جو ایک ریکارڈ ہے۔
اسی طرح آسٹریلیا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے والی ٹیم بن گئی ہے جبکہ اس سے پہلے انگلینڈ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں 350 رنز بنانے والے پہلی ٹیم بنی ہے۔
ایک مرحلے پر لگ رہا تھا کہ انگلینڈ نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے اور آسٹریلیا یہ بڑا ہدف حاصل نہیں کر پائے گا۔ لیکن پھر وہ ہوا جس کے لیے آسٹریلوی کھلاڑی جانے جاتے ہیں۔ اس اعصاب شکن مرحلے پر جوش انگلس اور الیکس کیری نے اپنے حواس قابو میں رکھے اور انگلینڈ کے بولرز کو خود پر حاوی نہ ہونے دیا۔
دونوں بیٹرز نے چھکوں چوکوں کی بارش کر کے میچ کا مومینٹم اپنے حق میں کر لیا۔ دونوں کے درمیان 146 رنز کی فیصلہ کن شراکت داری قائم ہوئی۔ کیری 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔