پاکستان

احمد نورانی کے بھائیوں کا اغوا، اسلام آباد ہائیکورٹ پانچویں دن بھی بے بس

مارچ 24, 2025

احمد نورانی کے بھائیوں کا اغوا، اسلام آباد ہائیکورٹ پانچویں دن بھی بے بس

امریکہ میں مقیم پاکستانی صحافی احمد نورانی کے دو بھائیوں کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کے دوران ہائیکورٹ نے تھانہ نون کے ایس ایچ او کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

پیر کو سماعت کے اختتام پر ایک حکم کے ذریعے عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو 26 مارچ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے لیے کہا۔

احمد نورانی کی والدہ کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے سماعت کی۔

ایڈوکیٹ ایمان مزاری نے احمد نورانی کی والدہ اور ہمشیرہ کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہو کر بتایا کہ پولیس نے کوئی پیش رفت نہیں کی۔

احمد نورانی کی والدہ عدالت کے سامنے آبدیدہ ہو گئیں اور کہا کہ میرے بچوں کو اگر کچھ ہو جاتا ہے تو کیا ہائیکورٹ ذمہ دار ہو گی۔

تھانہ نون کے ایس ایچ او کی جانب سے رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی اور بتایا کہ ہم تمام دستیاب ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ہم نے جیوفنسنگ کی ہے، سی ڈی آر منگوائی ہے۔ اس گھر کے قریب سے کیمرے بھی چیک کروائے ہیں۔

جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ آپ نے اپنی فائنڈنگ دینی تھی وہ نہیں دی۔

اسلام آباد پولیس کے وکیل نے کہا کہ ان کی مقدمہ اندراج کی درخواست نہیں ہے۔

جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ ابھی پرچے کی بات نہیں کر رہے ان کے پاس متبادل فورم موجود ہے۔

ایڈوکیٹ ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ پانچ دن سے اگر یہ پرچہ درج نہیں کر رہے تو تفتیش کیسے کر رہے ہیں؟

جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ میں آئی جی کو بلا رہا ہوں وہ انویسٹیگیشن کرائے گا۔

ایڈوکیٹ ایمان مزاری نے کہا کہ چھ دن ہو گئے ہیں ابھی تک انہوں نے کچھ نہیں کیا۔

احمد نورانی کی والدہ روسٹرم پر کھڑے کھڑے آبدیدہ ہو گئیں تو جسٹس منہاس نے کہا کہ اختیار کے مطابق ہی آرڈر کر سکتا ہوں۔

ایڈوکیٹ ایمان مزاری نے کہا کہ اس کیس میں ڈائریکٹ الزام خفیہ اداروں پر ہے، امریکہ میں موجود احمد نورانی کی خبر کی وجہ سے ان کے بھائیوں کو اٹھائے جانے کا الزام ہے۔

جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ کوئی ایسا آرڈر پاس نہیں کروں گا جس پر عمل نہ ہو۔

عدالت نے درخواست گزار وکیل کی کیس کی سماعت آج یا کل تک ملتوی کرنے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔

کیس کی اگلی سماعت 26 مارچ بدھ تک ملتوی کر دی گئی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے