کراچی میں ہم جنس پرستوں کے روپ میں اہم شخصیات کو لوٹنے والا گروہ گرفتار
کراچی میں ہم جنس پرستوں کے روپ میں اہم شخصیات کو لوٹنے والا گروہ گرفتار
کراچی میں پولیس نے ہم جنس پرستوں کا روپ دھار کر اغوا کی وارداتیں کرنے والے ایک گروہ کے ارکان کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گینگ کے متاثرین میں ایک صحافی، ایک ڈاکٹر، ایک پولیس کانسٹیبل اور ایک ریٹائرڈ سیکورٹی فورس اہلکار بھی شامل ہیں۔
سینیئر صحافی نعمت خان کے ایکس ہینڈل پر جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پولیس نے بتایا کہ کراچی میں پولیس نے ایک ایسے گینگ سے تعلق رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر شہریوں کو اغوا کر کے لوٹتے تھے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ اس گینگ کا نشانہ بننے والوں میں ایک صحافی، ڈاکٹر، اور قانون نافذ کرنے والے محکموں کے اہلکار اور ریٹائرڈ سیکیورٹی افسر بھی شامل ہیں جن کو ان افراد نے ہم جنس پرستوں کا روپ دھار کر لوٹا۔
گلشن اقبال پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر درج کرانے والے متاثرین نے بتایا کہ انہیں ہراساں کرنے اور لوٹنے سے پہلے ملزمان پارسل پہنچانے کے بہانے پہنچے۔ تاہم گینگ کے اہم کردار بلاول خلجی نے پولیس کو بتایا کہ اس نے ہم جنس پرستوں کی نیٹ ورکنگ کی چینی ایپ بلوڈ کے ذریعے متاثرین سے رابطہ کیا۔
ایس ایچ او نعیم نے صحافی نعمت خان کو بتایا کہ متاثرین نے بلیوڈ ایپ کے ذریعے ان افراد کی خدمات کی حاصل کیں اور اس کے بعد احساس جرم ہوا۔
پولیس افسران کے مطابق انہوں نے مشتبہ افراد کے قبضے سے آٹھ ویڈیوز برآمد کیں، جن میں وہ متاثرہ شخص پر الزام لگا رہے ہیں کہ انہوں نے ہم جنس پرستوں کی خدمات بک کر رکھی ہیں جبکہ ان کی شناخت بھی بتائی ہے۔
پولیس نے 14 متاثرین کی شناخت کی ہے، جن میں ایک ڈاکٹر، ایک پولیس افسر، ایک صحافی، ایک ہوابازی کے شعبے کا افسر، اور سیکیورٹی فورس کا ایک ریٹائرڈ افسر شامل ہے۔
یہ گینگ مبینہ طور پر متاثرین کے گھروں سے قیمتی سامان لے گیا، انہیں اغوا کیا، اور انہیں اُن کی ہی گاڑیوں میں شہر کی سڑکوں پر گھماتا رہا۔
پولیس نے بتایا کہ چوری شدہ گاڑیوں میں سے ایک کو بعد میں رحیم یار خان میں اس کی اصل دستاویزات کے ساتھ فروخت کر دیا گیا۔
گرفتار ہونے والوں میں بلاول خلجی، ان کی اہلیہ رمشا اور وقاص حسین شامل ہیں۔
کراچی کی رہائشی رمشا کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ گینگ کے ارکان میں شامل ہے۔
ملزمان پر کراچی کے مختلف تھانوں میں چھ مقدمات درج ہیں۔

