انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں سیاحوں پر حملہ، 24 ہلاک
Reading Time: 2 minutesانڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے سیاحوں پر حملے میں 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ یہ گذشتہ ایک برس کے دوران کیا گیا بدترین حملہ ہے۔
سعودی عرب کے دورے پر موجود انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے ’مذموم اقدام‘ کی مذمت کی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حملہ آوروں کو ’انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘
پہلگام کشمیر کا مشہور سیاحتی مقام ہے اور سری نگر سے تقریباً 90 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
ٹور گائیڈ وحید نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ گولیاں چلنے کی آواز سن کر جائے وقوعہ پر پہنچے اور کئی زخمیوں کو گھوڑے پر ہسپتال منتقل کیا۔
’میں نے کچھ لوگوں کو زمین پر گرے ہوئے دیکھا جو مردہ لگ رہے تھے۔‘
علاقے کے ایک سینیئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ ’یہ قتل عام ہے جس میں کم از کم 24 افراد مارے گئے ہیں۔‘
تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم مسلم اکثریتی اس خطے میں اس کی آزادی کے لیے عسکریت پسند گروہ سنہ 1989 سے سرگرم ہیں۔
کشمیر میں یہ ہلاکتیں اُس روز ہوئیں جب انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کی، جو انڈیا کے چار روزہ دورے پر ہیں۔
کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ ’یہ حملہ حالیہ برسوں میں عام شہریوں پر ہونے والے کسی بھی حملے سے کہیں بڑا ہے اور ہلاکتوں کی صحیح تعداد ابھی معلوم کی جا رہی ہے۔‘
’ہمارے مہمانوں پر یہ حملہ انتہائی مکروہ عمل ہے۔ اس حملے کے ذمہ دار جانور غیرانسانی اور قابل نفرت ہیں۔‘