آرمی چیف کی پاکستانی میڈیا کی تعریف اور صحافیوں سے گفتگو
پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ انڈیا سے کشیدگی اور جنگی صورتحال کے دوران میڈیا کا کردار ذمہ دارانہ تھا۔
جمعے کی رات اسلام آباد میں معرکہ حق کے حوالے سے یوم تشکر کے موقع پر منعقدہ تقریب میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں آرمی چیف نے پاکستانی میڈیا کو شاباش دی۔
تقریب میں موجود صحافیوں کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے انڈین میڈیا کو جس طرح جواب دیا وہ یادگار ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا نے جیسے جواب دیا اس پر فخر ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا، ہم نے کچھ نہیں چھپایا، سب حقیقت بتائی۔
آرمی چیف کے مطابق پاکستان کا نیریٹیو بلڈ کرنے میں میڈیا کا بڑا کردار ہے۔
آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا اور حب الوطنی کا ثبوت دیا۔
ایک رپورٹر کے مطابق آرمی چیف کی صحافیوں سے گفتگو کے دوران چند رپورٹرز نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر اور ان کی ٹیم نے صحافیوں کے ساتھ تعاون کیا، اور انھیں بروقت حقیقی صورتحال سے آگاہ کیا۔
ایک صحافی نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا ہر لفظ حب الوطنی سے سرشار تھا۔
صحافیوں سے ملاقات کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر بھی موجود تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ادا میں کرتا تھا، الفاظ آرمی چیف کے ہوتے تھے۔
آرمی چیف کی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی بھی تعریف کی۔
آرمی چیف کی عطا تارڑ سے گفتگو میں کہا کہ ویلڈن عطا تارڑ ، آپ 24گھنٹے دستیاب رہے ، اور آپ نے غیرمعممولی کارکردگی دکھائی۔