اے آر وائے کے مالک سلمان اقبال کی آرمی چیف کے ساتھ تصویر، صحافیوں کے تبصرے
پاکستان کے نجی نیوز چینل اے آر وائے کے مالک سلمان اقبال کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے جس میں وہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے درمیان بیٹھے ہیں۔
سنیچر کی شب یہ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے سینیئر صحافی اور ٹی وی میزبان ابصار عالم نے لکھا کہ ”اس مُلک میں کاشف عباسی مت بنو، سلمان اقبال بنو۔ اور پھر جو دل چاہے وہ جُرم کرو ۔ ستے خیراں۔“
اُن کے اس تبصرے کو ری پوسٹ کر کے اس پر صحافی طاہر عمران نے لکھا کہ:
”بھائی رہنے دیں۔ کاشف اور سلمان ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں۔ کیا سرکار نے کاشف سے سرکاری زمین واپس لی؟ کیا کاشف کا گھر اب سازشوں کا گڑھ نہیں؟ ہر کاشف کو مکافات عمل کو جاننا چاہیے جب وہ اوقات سے باہر ہو کر فرعون کا چیلا بنتا ہے۔ کاشف کی تو رعونت سلمان سے بھی زیادہ تھی۔“
اے آر وائے نیوز چینل کو پاکستان میں سابق وزیراعظم عمران خان اور اُن کی جماعت تحریک انصاف کا ترجمان قرار دیا جاتا رہا ہے۔
چینل کے ذرائع کے مطابق عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد پاکستان کی موجودہ اسٹیبلشمنٹ کے کرتا دھرتا افراد نے اے آر وائے نیوز کو بھی اُن کے ایجنڈے سے باز رہنے کے لیے متعدد بار خبردار کیا۔
اس دوران ٹی وی اینکر کاشف عباسی کا اے آر وائے پر جاری پروگرام گزشتہ کچھ عرصے سے بند ہے۔