عالمی خبریں

یوکرین پر ’ملاقات بہت ضروری‘، روس و امریکی صدور متفق

مئی 16, 2025

یوکرین پر ’ملاقات بہت ضروری‘، روس و امریکی صدور متفق

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ملنا چاہیں گے۔

جمعے کو متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں ایک بزنس راؤنڈ ٹیبل کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ روسی صدر سے ملنا چاہیں گے ’جتنی جلد اس کی تیاری ہو سکے۔‘

انہوں نے ترکیہ میں روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ ’دیکھتے ہیں کہ روس اور یوکرین کا کیا بنتا ہے۔‘

امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو میں اپنی انتظامیہ کی غزہ کے حوالے سے صورتحال پر نظر ہونے کی بھی بات کی اور کہا کہ وہ ’دیکھ رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری غزہ پر نظر ہے۔ اور ہم اُن کو خیال رکھنے جا رہے ہیں۔ بہت زیادہ لوگ بھوک کا شکار ہیں۔‘

اپنے خلیج کے دورے کے اختتام پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 1.4 کھرب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کے معاہدے کیے ہیں۔

دوسری جانب روس کے صدارتی دفتر کریملن نے کہا ہے کہ صدر پوتن اور صدر ٹرمپ کی ملاقات ’بلاشبہ ضروری‘ ہے۔

کریملن نے جمعے کو کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان یوکرین کے معاملے پر ملاقات ’بلاشبہ ضروری‘ ہے۔

وہ امریکی صدر کے اس بیان پر تبصرہ کر رہے تھے جس میں انہوں نے کہا کہ جب تک دونوں رہنماؤں کی ملاقات نہیں ہو جاتی کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہو گا۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ ’صدر پوتن اور ٹرمپ کے درمیان رابطے یوکرینی تصفیے کے تناظر میں انتہائی اہم ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’بلاشبہ ایک ملاقات ضروری ہے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے