’فتح ون میزائل سسٹم‘ کے ذریعے انڈیا پر جوابی حملے کیے ہیں: پاکستان
پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ انڈیا پر جوابی حملوں میں ’آپریشن بنیان مرصُوص‘ کے تحت سنیچر کی صبح ’فتح ون میزائل سسٹم‘ کے ذریعے ادھم پور ایئربیس اور پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ کو تباہ کر دیا ہے.
وزیر اعظم شہباز شریف نے حالیہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، اس اتھارٹی کا اہم ترین مقصد پاکستان کے جوہری اسلحے کی نگہبانی اور اسے استعمال کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرنا ہے.
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی حملے کے دوران بیاس میں براہموس میزائل سٹوریج تباہ جبکہ ادھم پور ایئر ڈیفنس سسٹم اور ایئر بیس کو شدید نقصان پہنچا۔
’پٹھان کوٹ ایئر فیلڈ، جالندھر،گجرات اور راجستھان کے فوجی اڈوں پر حملے کیے گئے جبکہ نئی دہلی پر فائر کیا گیا میزائل حصار (ہریانہ) کے قریب روکا گیا۔‘
سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ’سری نگر ایئر بیس پر حملے میں 20 انڈین فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ چندی گڑھ میں ہتھیاروں کا ڈپو تباہ کردیا گیا ہے۔‘
’انڈیا کی سرسہ ایئر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے جس کی تصدیق خود انڈین میڈیا نے بھی کی ہے۔ اس کے علاوہ راجوڑی میں پاکستان میں دہشت گردی کروانے والا انڈین ملٹری انٹیلیجنس کا تربیتی مرکز بھی حملے میں تباہ ہو گیا ہے۔‘
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’پاکستانی فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر کے ہائپر سونک میزائلوں نے آدم پور میں انڈیا کا S-400 سسٹم تباہ کر دیا جس کی مالیت ڈیڑھ ارب ڈالر ہے۔‘