احمدآباد سے لندن جانے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ
انڈیا کے شہر احمدآباد سے لندن جانے والا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے.
پولیس کے مطابق طیارہ شہری آبادی پر گرا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع نے روئٹرز کو بتایا کہ مسافر طیارہ میں 200 سے زائد افراد سوار تھے۔
ایئرانڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے پر سوار مسافروں میں 169 انڈین شہری، 53 برطانوی شہری، پرتگال کے سات شہری اور کینیڈا کا ایک شہری شامل ہیں۔
انڈین وزارت برائے ایوی ایشن کے مطابق طیارے پر مجموعی طور پر 242 افراد سوار تھے جن میں دو پائلٹ اور عملے کے دس اراکین شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں حادثے کی جگہ سے دھویں کے بادل اُٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ٹیلی ویژن چینلز کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ ٹیک آف کر رہا تھا۔ ہوائی اڈے کے قریب ملبے کو آگ لگنے کے مناظر دکھائی دیے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے لوگوں کو سٹریچر پر منتقل کیے جانے اور ایمبولینسوں میں لے جانے کے مناظر دیکھے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ریاست گجرات کے پولیس کنٹرول روم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فلائٹ میں کل 242 افراد سوار تھے۔
انڈیا کے سی این این نیوز 18 ٹی وی چینل نے تاہم کہا کہ طیارے میں 220 مسافر اور عملے کے 12 افراد سوار تھے۔
ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی فلائٹ نمبر اے 1171 جو احمد آباد سے لندن کے گیٹوک ایئرپورٹ جا رہی تھی کو حادثہ پیش آیا ہے۔
ایئر لائن کے بیان کے مطابق ’اس موقع پر ہم تفصیلات اکھٹی کر رہے ہیں اور مزید معلومات شیئر کی جائیں گی۔‘