پاکستان

کراچی میں فلیٹ سے ملنے والی ’پرانی لاش‘، ’ڈی این اے سے معلوم ہوگا کہ اداکارہ حمیرا کی ہے‘

جولائی 8, 2025

کراچی میں فلیٹ سے ملنے والی ’پرانی لاش‘، ’ڈی این اے سے معلوم ہوگا کہ اداکارہ حمیرا کی ہے‘

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں رہائش پذیر ادکارہ حمیرا اصغر علی کے ایک فلیٹ سے ایک لاش ملی ہے جو کئی دن پرانی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاش معروف اداکارہ اور ماڈل حمیرا اصغر کی ہے یا کسی اور کی، اس کا ڈی این اے کرانے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا۔

پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیفنس فیز چھ کے اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے خاتون کی لاش ملی جس کو قانونی اور ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

لاش ہسپتال منتقل کرنے والے ریسکیو اہلکاروں کے مطابق لاش دیکھ کر اُن کا اندازہ ہے کہ خاتون کی موت کو کئی روز گزر چکے ہیں۔

پولیس کے مطابق لاش عمارت کے چوتھے فلور پر واقع فلیٹ سے ملی ہے۔

حمیرا اصغر علی کا تعلق لاہور سےبتایا جاتا ہے اور وہ ڈیفنس میں کرائے کے فلیٹ میں مقیم تھیں۔

پولیس کے مطابق فلیٹ کے مالک نے کرایہ ادا نہ کرنے پر اداکارہ کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔ اور منگل کی شام جب عدالتی حکم پر بیلف کے ہمراہ پولیس اہلکار دروازہ توڑ کر فلیٹ میں داخل ہوئے تو وہاں ایک ناقابل شناخت لاش ملی۔

پولیس حکام کے مطابق فلیٹ کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق متوفیہ مذکورہ فلیٹ میں سات برس سے مقیم تھیں۔

نیوز چینل اے آر وائے کے مطابق علاقے کے ایس ایس پی نے کہا ہے کہ لاش کئی روز پرانی ہونے کے باعث اس کی فوری شناخت ممکن نہیں، ڈی این اے سیمپلز کی مدد سے ہی شناخت ممکن ہوسکے گی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر موجود تصاویر دیکھ کر کہنا مشکل ہے یہ لاش اسی خاتون کی ہے، اب تک خاتون کا کوئی بھی قریبی عزیز سامنے نہیں آیا۔

حمیرا اصغر نے 2022 میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے رئیلٹی شو ’تماشہ گھر‘ میں شرکت کی تھی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے