پشاور سے ثمر ہارون بلور کی وزیراعظم سے ملاقات، ن لیگ میں شمولیت کا اعلان
خیبر پختونخوا سے عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما ثمر ہارون بلور نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی ترقی کے سفر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کی ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں پرائم منسٹر آفس سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ثمر ہارون بلور، سعیدہ جمشید اور جمشید مہمند نے ملاقات کی ہے۔
مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر امورِ گلگت بلتستان و کشمیر اور صوبائی صدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئیر امیر مقام، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف، وزیرِ برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اور مسلم لیگ ن کے صوبائی جنرل سیکریٹری مرتضی جاوید عباسی بھی ملاقات میں شریک تھے۔
بیان کے مطابق ثمر ہارون بلور کا ملکی معاشی استحکام، عوام دوست بجٹ اور ملکی معاشی ترقی کی درست سمت پر وزیرِ اعظم کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
ثمر ہارون بلور نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ وفاق اور پنجاب کی طرز پر خیبرپختونخوا بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔
ثمر ہارون بلور نے وزیرِاعظم اور پارٹی قیادت کے ساتھ مل کر خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت کا اعادہ کیا جس پر وزیرِاعظم نے ثمر ہارون کا پارٹی میں خیر مقدم کیا اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

