متفرق خبریں

ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنانے پر میٹرک کی طالبہ والد کے ہاتھوں قتل

جولائی 9, 2025

ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنانے پر میٹرک کی طالبہ والد کے ہاتھوں قتل

ضلع راولپنڈی کے تھانہ روات کی پولیس نے بیٹی کے قتل کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے.

بدھ کو پولیس نے بتایا کہ تھانے کی حدود میں 16 سالہ میٹرک کی طالبہ کو مبینہ طور پر ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنانے پر والد نے قتل کیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق قتل کا یہ واقعہ روات کے علاقے ڈھوک چوہدریاں تخت پڑی میں منگل کی دوپہر پیش آیا تھا.

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کو مقتولہ کے خاندان نے ابتدائی طور پر خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ تاہم ملزم اخلاق احمد موقع سے فرار ہو گیا تھا.

پولیس کی جانب سے واقعے کا مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کی گئی اور بدھ کی صبح گرفتار کیا گیا۔

راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا کہ ’ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی
کہ لڑکی نے ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنایا تھا، جب والد کو علم ہوا تو اسے ڈیلیٹ کرنے کی ہدایت کی لیکن لڑکی نے ایسا نہیں کیا۔‘

پولیس نے بتایا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکی نے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ختم کرنے سے انکار کیا۔

پولیس کے مطابق ’مقتولہ کے پیٹ پر گولیاں لگی ہیں جبکہ گھر کے اندر سے گولیوں کے خول بھی برآمد ہوئے ہیں۔‘

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کروا لیا گیا ہے، جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں.

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے