بلاسفیمی کیس: راؤ عبدالرحیم کے سپین والے نمبر کا فرانزک کرانے کا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مبینہ بلاسفیمی بزنس گینگ کے کیس میں وکیل راؤ عبدالرحیم کے سپین والے نمبر کے فرانزک کرانے کا حکم دیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کمیشن کی تشکیل کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران ایک ایف آئی آر کھولتے ہوئے اس حوالے سے حکم جاری کیا کہ سپین والے نمبر کا چھ ماہ کا فرانزک کرایا جائے۔
فرانزک کرانے کا حکم اُس وقت دیا گیا جب راؤ عبدالرحیم گروپ کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے سنہ 2023 میں کوئٹہ کے کار مکینک نیک محمد کے خلاف درج بلاسفیمی کے مقدمے میں سپین والے نمبر کے استعمال کیے جانے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ نمبر سنہ 2022 میں درج ایف آئی آر نمبر 119 میں پہلے ہی ایف آئی اے کے حوالے کیا جا چکا تھا۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کہا کہ ویسے تو یہ کمیشن کا کام تھا مگر اب یہ عدالت حقیقت تک پہنچنے کے لیے اس کو ٹیسٹ کیس بنا رہی ہے اور 2022 کی اس ایف آئی آر کے اندراج سے تین ماہ پہلے اور تین ماہ بعد تک کے عرصے کا فرانزک کرانے کا حکم جاری کرتی ہے۔

