راولپنڈی میں میڈیا ٹاک کے دوران علیمہ خان کو انڈہ مارنے والے کون؟
راولپنڈی میں میڈیا ٹاک کے دوران علیمہ خان پر دو لڑکیوں نے انڈہ پھینک دیا،
راولپنڈی میں میڈیا ٹاک کے دوران علیمہ خان کو انڈہ مارا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
اڈیالہ جیل کے راستے پر واقع داہگل ناکے پر میڈیا ٹاک کے دوران علیمہ خان کو انڈہ مارا گیا۔
وقوعہ کی جگہ پر موجود رپورٹرز کے مطابق انڈا مارنے والی دو لڑکیاں تھیں جو فورا بھاگ کر اپنی گاڑی میں بیٹھ گئیں۔
علیمہ خان کے ساتھ موجود پی ٹی آئی کے کارکنوں نے گاڑی کو گھیرے میں لے کر مکے اور پتھر مارتے ہوئے ونڈ سکرین توڑ دی۔
ادھر راولپنڈی پولیس نے دعوی کیا ہے کہ داہگل کے مقام پر پریس کانفرنس کے دوران علیمہ خان پر انڈہ پھینکنے والی خواتین کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے،
کے پی سے آل گورنمنٹ ایمپلائزگرینڈ الائنس اور آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کے افراد اپنے مطالبات کے سلسلہ میں احتجاج کرنے آئے تھے،
خواتین کے سوالات پر علیمہ خان کی جانب سے جواب نہ دینے پر انڈہ پھینکنے کا واقعہ پیش آیا،
واقعہ میں ملوث خواتین کو پولیس تحویل میں لے لیا گیا ہے،
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی شعبہ اطلاعات سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ’علیمہ خانم پر اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا ٹاک کے دوران ایک ایجنڈے کے تحت بھیجی گئی شرپسند خواتین نے حملہ کیا، اور فرار ہو گئیں۔ ہمارے کارکنوں نے فوری طور پر ان کا پیچھا کیا، لیکن پولیس نے شرپسند اور حملہ آور خواتین کو گاڑی سمیت منصوبے کے مطابق فرار ہونے میں مدد کی اور وہاں سے نکال لیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’گاڑی کا نمبر ہمارے پاس موجود ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ علیمہ خانم پر حملے کی ایف آئی آر درج کی جائے۔‘

