متفرق خبریں

تیراہ میں اموات پر معاوضے کا اعلان، ہیومن رائٹس کمیشن کا تحقیقات کا مطالبہ

ستمبر 23, 2025

تیراہ میں اموات پر معاوضے کا اعلان، ہیومن رائٹس کمیشن کا تحقیقات کا مطالبہ

پاکستان میں خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے سابق قبائلی علاقے وادی تیراہ میں مبینہ بمباری سے عام شہریوں کی اموات کے بعد لواحقین کے لیے کروڑوں روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب ہیومن راٸٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے مطالبہ کیا ہے کہ شہری آبادی پر بمباری کی تحقیقات کی جائیں جس میں بچوں سمیت بے گناہ افراد کی اموات ہوئیں۔

کمیشن نے حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر واقعے میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اتوار کو رات گئے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران 23 مقامی شہریوں کی اموات رپورٹ کی گئی تھیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔

مقامی افراد نے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا بھی دیا تھا۔ علاقے سے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے ڈپٹی کمشنر اور پولیس افسران سے مذاکرات کے بعد پشاور کی طرف مارچ کا اعلان کیا تھا۔

اُنہوں نے الزام عائد کیا کہ جیٹ جہازوں کی بمباری سے پانچ گھروں میں 23 بے گناہ شہری اموات ہوئیں۔

تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے ایک سخت بیان میں کہا تھا کہ کبھی ڈرون حملے اور کبھی بمباری میں بے گناہ شہریوں کو مارا جا رہا ہے جس سے علاقے میں شدید اشتعال پھیل رہا ہے۔

پاکستان کے سوشل میڈیا پر بعض ایسے اکاؤنٹس جن کو عسکری محکموں سے منسلک سمجھا جاتا ہے، نے دعویٰ کیا تھا کہ گھروں میں بارود پھٹنے سے عسکریت پسندوں کی اموات ہوئی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے