عالمی خبریں

مزید پانچ ملکوں کے شہریوں کی امریکہ داخلے پر پابندی، دیگر کے لیے ویزا شرائط سخت

دسمبر 17, 2025

مزید پانچ ملکوں کے شہریوں کی امریکہ داخلے پر پابندی، دیگر کے لیے ویزا شرائط سخت

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے سفری پابندیوں کی فہرست میں مزید پانچ ممالک کو شامل کر لیا ہے جبکہ بعض دیگر ممالک کے لیے ویزے کی شرائط مزید سخت کی گئی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ اقدام اسی مہم کا حصہ ہے جس کے تحت امریکہ میں داخلے کے مراحل کو مزید مشکل بنانا ہے جو کہ واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب ایک افغان شہری کی جانب سے دو نیشنل گارڈز کو گولی مارنے کے بعد شروع کی گئی تھی۔

اس شخص کو بعدازاں گرفتار کر لیا گیا تھا، اس واقعے میں ایک خاتون اہلکار ہلاک جبکہ ایک اور اہلکار شدید زخمی ہوا تھا۔

جون میں صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ 12 ممالک کے شہری امریکہ کا سفر نہیں کر سکیں گے جبکہ سات ممالک کے شہریوں کو پابندیوں کا سامنا ہو گا۔

اس فیصلے نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پچھلے دور کے اقدام کو ایک بار پھر سے بحال کر دیا تھا۔

اس وقت جن ممالک پر پابندی لگائی گئی ان میں افغانستان، میانمار، چاڈ، ریپبلک آف کانگو، ایکواٹوریل جونیا، ایریٹیا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل تھے جبکہ بروندی، کیوبا، لاؤس، سائیرا لیونے، ٹاگو، ترکمانستان اور وینزویلا پر سے جانے والوں کے لیے بھی پابندیاں بڑھائی گئیں۔

منگل کو ریپبلکن انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ان ممالک کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے جن کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی ہے اور مالی، برکینا فاسو، نائجر، جنوبی سوڈان اور شام شامل کیے گئے ہیں جبکہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ سفری دستاویز رکھنے والے افراد کے سفر پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے