عالمی خبریں

قومی سلامتی کو لاحق خطرہ ’سرخ لکیر‘، سعودی عرب کا بمباری کے بعد امارات کو انتباہ

دسمبر 30, 2025

قومی سلامتی کو لاحق خطرہ ’سرخ لکیر‘، سعودی عرب کا بمباری کے بعد امارات کو انتباہ

سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے یمن کی جنوبی عبوری کونسل (ایس ٹی سی) پر صوبوں حضرموت اور المھرہ میں فوجی کارروائی کے لیے دباؤ ڈالنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے.

مملکت نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کا اقدام سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی استحکام کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے منگل کو جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ رپورٹ ہونے والے اقدامات عرب اتحاد کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتے جو کہ یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرتے ہیں اور اس اقدام سے ملک میں سلامتی اور استحکام کے لیے ہونے والی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

وزارت کی جانب سے یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے بیان اور اتحاد میں شامل قیادت کی اس تشویش کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ فجیرہ بندرگاہ سے ہتھیار اور بھاری گاڑیاں لے جانے والے جہاز سرکاری اجازت کے بغیر روانہ کیے گئے۔

سعودی عرب کی جانب سے زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ قومی سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ ایک ’سرخ لکیر‘ ہے اور ایسے خطرات کا مقابلہ اور ان کو بے اثر کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

مملکت نے ایک بار پھر یمن کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کے علاوہ وہاں کی صدارتی قیادت کونسل اور حکومت کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

بیان میں اس امر کا بھی اعادہ کیا گیا ہے کہ جنوبی حصے کا معاملہ ایک ایسا ایشو ہے جس کا سیاسی حل صرف بات چیت کے ذریعے ڈھونڈا جا سکتا ہے جس میں یمن کے تمام فریق بشمول ایس ٹی سی شامل ہوں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے