برطانوی ایئرلائن نورس اٹلانٹک کو پاکستان کے لیے پروازوں کی اجازت
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے برطانوی ایئرلائن نورس اٹلانٹک کو ملک میں پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔
وزیر دفاع کی جانب سے یہ اعلان ملک کی اپنی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نیلامی کے کچھ دن بعد کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ نورس اٹلانٹک لندن، مانچسٹر اور برمنگھم سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے لیے براہِ راست فضائی سروس کا آغاز کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے بین الاقوامی ایئر لائنز کی پروازوں میں اضافے سے فضائی شعبے میں صحت مند مسابقت کو فروغ ملے گا، جس کے نتیجے میں مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم ہوں گی اور ہوائی کرایوں میں توازن پیدا ہوگا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ’یہ اہم کامیابی پاکستان سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کی مسلسل محنت اور کوششوں کا نتیجہ ہے جس کے ذریعے پی آئی اے کی بین الاقوامی ساکھ کو دوبارہ بہتر بنایا جا رہا ہے، جو سابق وزیرِ ہوابازی کے ایک غیر ذمہ دارانہ بیان سے متاثر ہوئی تھی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ابتدائی طور پر ہفتے میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی، جنہیں آئندہ مزید بڑھانے کا منصوبہ ہے، تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن سے دوبارہ جوڑا جا سکے۔‘
ایکس پر اپنے ایک اور پیغام میں خواجہ آصف نے بتایا کہ ’چھ سال کے طویل وقفے کے بعد پی آئی اے 29 مارچ 2026 سے براہِ راست لندن ہیتھرو کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے۔‘

