’سٹنگ کی نقل‘ انرجی ڈرنک سٹورم بنانے پر میزان بیوریجز کو 15 کروڑ جرمانہ
پیپسی کولا انٹرنیشنل کے معروف انرجی ڈرنک برانڈ ’سٹنگ‘ کی نقل ثابت ہونے پر پاکستان کی بیوریجز کمپنی میزان پر 15 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کی جانب سے جمعے کے روز جاری فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ ’میزان بیوریجز نے صارفین کو گمراہ کیا اور کمپنی نے اپنے انرجی ڈرنک ’سٹورم‘ کی پیکجنگ اور مجموعی انداز میں پیپسی کے معروف برانڈ سٹنگ کی نقل کی۔‘
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’رنگ، بوتل، تحریر اور ڈیزائن کی مشابہت کے ذریعے صارفین کو گمراہ کیا گیا۔ میزان بیوریجز نے سٹنگ کی شہرت سے ناجائز فائدہ اُٹھانے کی بھی کوشش کی۔‘
کمیشن کے مطابق کمپنی نے عدالتی کارروائیوں کے ذریعے انکوائری کے عمل میں تاخیر بھی کی۔ کمپیٹیشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے میزان بیوریجز کی اپیل کو ناقابلِ سماعت اور تاخیری حربہ قرار دیا تھا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ٹریڈ مارک کی رجسٹریشن کمپیٹیشن قانون سے استثنیٰ فراہم نہیں کرتی اور کسی معروف برانڈ کی نقل کمپیٹیشن ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
’گمراہ کن پیکجنگ اور کاپی کیٹ برانڈنگ کے خلاف کمپیٹیشن کمیشن کو سخت کارروائی کا اختیار حاصل ہے۔‘
فیصلے کے مطابق پیپسی کولا کی شکایت پر کمپیٹیشن کمیشن نے سال 2015 میں انکوائری کا آغاز کیا تھا۔ اس دوران ابتدائی طور پر کمپیٹیشن ایکٹ 2010 کی دفعہ 10 کی خلاف ورزی سامنے آئی جس کے بعد شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔
بعد ازاں عدالتوں کی جانب سے کمیشن کے دائرۂ اختیار کو برقرار رکھنے کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ شروع کی گئی، تاہم میزان بیوریجز کا مؤقف تھا کہ اس کا ٹریڈ مارک باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ ہے۔

