عالمی خبریں

ٹرمپ حکومت نے پاکستان سمیت 75 ملکوں کے شہریوں کو امیگرنٹ ویزا دینے کا عمل روک دیا

جنوری 14, 2026

ٹرمپ حکومت نے پاکستان سمیت 75 ملکوں کے شہریوں کو امیگرنٹ ویزا دینے کا عمل روک دیا

امریکی حکومت 21 جنوری سے 75 ممالک کے شہریوں کو امریکی امیگرنٹ ویزا جاری کرنے کا عمل معطل کر رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ بات امریکی چینل ’فاکس نیوز‘ نے بدھ کو امریکی محکمہ خارجہ کی خط و کتابت کے حوالے سے رپورٹ کی ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ اور پاکستانی میڈیا کے مطابق ان 75 ممالک میں پاکستان کا نام بھی شامل ہے تاہم اس حوالے سے امریکہ اور پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ’ٹرمپ انتظامیہ جن ممالک کے لیے امیگرنٹ ویزے کا عمل معطل کرنے جا رہی ہے اُن میں صومالیہ، روس، مصر، عراق، یمن، ایران، افغانستان، برازیل، نائجیریا اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔‘

محکمۂ خارجہ کے مطابق ’امریکہ 75 ممالک سے آنے والے تارکین وطن کے لیے امیگرنٹ ویزہ پروسیسنگ عارضی طور پر معطل کرے گا کیونکہ ان ممالک سے آنے والے تارکین امریکی عوام کی فلاحی سہولیات سے ناقابل قبول حد تک فائدہ اٹھا رہے ہیں۔‘
’یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک امریکہ اس بات کو یقینی نہیں بنا لیتا کہ نئے تارکین وطن امریکی عوام کے وسائل پر بوجھ نہیں بنیں گے۔‘

روئٹرز نے محکمہ خارجہ کے نمائندوں سے اس رپورٹ پر تبصرے کی درخواست کی، تاہم ان کی جانب سے فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

فاکس نیوز کے مطابق ’اس خط و کتابت میں امریکی سفارت خانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ موجودہ قوانین کے تحت اِن ممالک کے شہریوں کو ویزے جاری نہ کیے جائیں۔‘
مزید کہا گیا کہ ’محکمہ خارجہ اس حوالے سے اپنے طریقۂ کار کا ازسرِنو جائزہ لے گا،‘ تاحال ویزوں کی معطلی کی مدت کا تعین نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ اس مبینہ پابندی کو ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنوری 2025 میں صدارت سنبھالنے کے بعد اپنائی گئی امیگریشن کی سخت گیر پالیسیوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

گذشتہ برس نومبر میں صدر ٹرمپ نے ایک افغان شہری کی جانب سے وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کر کے نیشنل گارڈز کے ایک اہلکار کو ہلاک کرنے کے بعد ’تیسری دنیا کے تمام ممالک‘ سے نقل مکانی کو ’مستقل طور پر روکنے‘ کا عزم ظاہر کیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے