امارات کا انڈیا کی سرکاری گیس کمپنی کے ساتھ دو ارب 50 کروڑ ڈالر کا معاہدہ
متحدہ عرب امارات نے انڈیا کی ایک سرکاری کمپنی کے ساتھ مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے نئے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس معاہدے کی مالیت دو ارب 50 کروڑ ڈالر ہے۔
اماراتی کمپنی نے کہا کہ ابوظبی نیشنل آئل کمپنی کی ذیلی کمپنی ’ایڈناک‘ گیس اور انڈین پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ کے درمیان معاہدہ 10 سال کی مدت میں سالانہ پانچ لاکھ ٹن ایل این جی کی فراہمی کے لیے ہے۔
ایڈناک گیس نے کہا کہ ’یہ معاہدہ کمپنی کی طرف آپریٹ کیے جانے والے معاہدوں کی کل مالیت 20 ارب ڈالر سے زیادہ تک لے جاتا ہے‘ اور اس سے انڈیا کو خطے میں امارات کی قدرتی گیس کا سب سے بڑا صارف بنا دے گا۔
کمپنی کے مطابق سنہ 2029 سے انڈین فرمیں ایڈناک گیس کی سالانہ 15.6-ملین ٹن پیداوار کا صرف پانچواں حصہ ہوں گی۔
تازہ ترین معاہدے کو اماراتی صدر محمد بن زید النہیان کے نئی دہلی کے دورے کے موقع پر حتمی شکل دی گئی جہاں انہوں نے انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔
ایک مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے 2022 کے معاہدے کے بعد سے اپنے ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارت کو سراہا، اور اسے 2032 تک دُگنا کر کے 200 ارب ڈالر تک پہنچانے کا عزم کیا۔

